پھالیہ (تحصیل رپورٹر) آپریشن ردالفساد میں تحصیل پھالیہ کا عظیم سپوت جام شہادت نوش کرگیا، تفصیلات کے مطابق کالاشادیاں تحصیل پھالیہ کا رہائشی لانس نائک فیاض احمد قادری ملک میں جاری آپریشن رد الفساد کے دوران خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے ساتھ ایک معرکہ میں دادِ شجاعت دیتا ہوا شہید ہوگیا۔ شہید لانس نائک فیاض احمد قادری 12سال قبل پاک فوج کی بلوچ رجمنٹ میں بھرتی ہوا تھا شہید کے دو بھائی اور ایک بھتیجا بھی افواج پاکستان میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ جبکہ شہید ایک بہادر مجاہد ہونے کے ساتھ ساتھ عاشق رسولﷺ بھی تھے جو بڑے جذب اور کیف ومستی کے ساتھ نعت خوانی کیا کرتے تھے۔ شہید نے پسماندگان میں بیوہ سمیت 2سالہ بیٹا اور 10دن کی بیٹی چھوڑی ہے۔ شہید کے والد، والدہ ا ور بھائیوں نے لانس نائک فیاض احمد کی شہادت کو اپنے خاندان کیلئے ایک عظیم اعزاز قرار دیا ہے۔ گذشتہ روز شہید فیاض احمد قادری کو ان کے آبائی گائوں کالاشادیاں کے قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر 5بلوچ رجمنٹ کے افسران اور جوانوں نے شہید کو سلامی پیش کی اور شہید کی میت کو سبز ہلالی پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کیا۔ شہید کی بیوہ نے اپنے 2سالہ بیٹے کو بھی شہید باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی خاطر قربان کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر موجود فوجی افسران نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لانس نائک فیاض احمد قادری شہید نے اپنی شہادت سے ہم سب کو ایک بار پھر یاد دلایا ہے کہ پاک فوج دنیا کی بہترین عسکری قوت ہے اور اس پاک سرزمین کی خاطر ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم کو فیاض قادری شہید کے کردار حب الوطنی اور شہادت پر فخر ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی شہادت قبول فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔ شہید فیاض احمد قا دری کی نماز جنازہ میں سیاسی وسماجی شخصیات سمیت علاقہ بھر سے تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔۔

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.