لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) آج ملک بھر میں خصوصا اور عالمی سطح پر جہاں جہاں پاکستانی موجود ہیں وہاں” یوم پاکستان “ شایان شان طریقے سے منایا جائے گا ،اس سلسلہ میں سر کاری و غیر سرکاری سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ حکومت نے 23 مارچ کو پورے پاکستان میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی پیش کی جائے گی پورے ملک میں تمام اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر پرچم کشائی کی جائے گی۔ بیرون ملک تمام پاکستانی سفارتخانوں میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں پاکستانی کمیونٹی کو مدعو کیا جائے گا۔صدر مملکت اور وزیر اعظم کی جانب سے عوام کے نام یوم پاکستان کے پیغامات نشر کئے جائیں گے تمام مساجد میں شکرانے کے نوافل اور دعائیہ تقریبات کا ہتمام کیا جائے گا۔ گرلز گائیڈز ، بوائز سکاو ¿ٹس اور طلباءکی ریلیاں نکالی جائیں گی یوم پاکستان سے متعلق سکولوں کے بچوں اور عوام کو آگاہ کرنے کے لئے سینما گھروں میں ڈاکو منٹری فلموں کی نمائش کی جائے گی۔ یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستان کے تمام ریڈیواور ٹی وی اسٹیشن پر خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے اور تحریک آزادی کے معروف کارکنان کو ریڈیو اور ٹی وی پروگراموں میں شرکت کے لئے مدعو کیا جائے گا۔صدر مملکت کی جانب سے تقریب تقسیم اعزازات کا انعقاد اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں گورنر اور وزیر اعلیٰ کے زیر اہتمام اعزازات کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومتوں میں مشاعروں کا انعقاد کیا جائے گا پورے ملک کے یتیم خانوں اور دارلامانوں میں مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی جبکہ قیدیوں کو خصوصی طعام مہیا کی جائے گی۔ صوبائی دارالحکومتوں میں تحریک پاکستان سے متعلق تصاویر وغیرہ کی نمائش کی جائے گی۔ پورے ملک میں قرات ، تقاریر اور مضمون نویسی کے مقابلوں کا انعقاد اور جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے ،جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں حسب سابق دوسری سالانہ پریڈ کا اہتمام کیا گیا ہے ،جس میں زندہ دلان لاہور بھر شرکت کریں گے۔دوسری طرف اسلام آباد ، کراچی ، کوئٹہ ،پشاور اور آزاد کشمیر سمیت گلگت و بلتستان میں یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.