
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہاہے کہ وہ پانامہ لیکس کی تحقیقات ایف آئی اے سے کروانے کیلئے تیارہیں لیکن تفتیشی افسر کا فیصلہ وہ عمران خان کے ہاتھ میں دیتے ہیں ،ڈی چوک اور ایف نائن پارک میں کوئی اجتماع نہیں ہو گا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہناتھا کہ عمران خان نے باقاعدہ میرا نام لے کر پانامہ لیکس کی تحقیقات کا مطالبہ کیااور اپوزیشن کے مطالبے پر ایف آئی اے سے تحقیقات کرانے کی پیشکش کی ،عمران خان تفتیش کیلئے ایف آئی اے کا افسر نامزد کریں فیصلہ ان پر چھوڑتاہوں ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے مختلف رائے کا اظہار کیاہے لیکن عمران خان سے کہتاہوں کہ اپنی بات پر قائم رہیں ۔چوہدری نثار کا کہناتھا کہ آف شور کمپنیوں کے معاملے کو حل کرناہے تو اسے میڈیا ٹرائل نہیں بننا چاہیے ۔وفاقی وزیر نے صاف صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ڈی چوک اور ایف نائن میں کسی صورت بھی کسی قسم کا اجتماع نہیں ہوسکتاہے ،ڈی چوک اور ایف نائن پارک کو جلسے جلوسوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی جلسے اور جلوس ہو سکتے ہیں ،کیا مجبوری ہے کہ جلسہ اسلام آباد میں ہی ہونا ہے ،چار مہینے کے دھرنے کی سیکیورٹی کیلئے عوام کے ایک ارب روپے خرچ ہوئے اور وہاں پھیلائی گئی گندگی کو صاف کرنے کیلئے ہفتوں لگے۔
ایک تبصرہ شائع کریں
ایک تبصرہ شائع کریں