
وہاڑی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن لمیٹڈ پارٹیاں بن چکی ہیں ،عوام ان دونوں پارٹیوں سے مایوس ہوچکی ہے، پہلے تو صرف سیاسی لوگ ان سے مایوس تھے اب غیر سیاسی لوگ بھی حکومت سے پریشان دکھائی دیتے ہیں ،کسان، محنت کش طبقہ کی جتنی بے عزتی موجودہ حکومت کے دور میں ہوئی ہے اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی، پاکستان تحریک انصاف ایک نئی سیاسی قوت کے طورپر ابھررہی ہے ، زیادہ سے زیادہ لوگ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرتے جارہے ہیں ،تحریک انصاف جمہوری سوچ کی پارٹی ہے۔وہاڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی کاکہناتھا کہ ملک کے حالات انتہائی تکلیف دہ صورتحال اختیارکرچکے ہیں دہشتگردی بے راہ روی ا ورکرپشن کی انتہاہوچکی ہے پاکستان تحریک انصاف نئے پاکستان کی جو بات کرتی ہے وہ انہی حالات کو دیکھ کرکرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات حکومت نے اپنی خوشی سے نہیں کرائے بلکہ سپریم کورٹ کے حکم پر مجبور ہوکر کروائے ہیں ، لیکن اب یہ لوگ منتخب چیئرمینز کو اختیارات دینے پرتیار نہیں ہیں، بلکہ بلدیاتی اداروں کے راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب سے پاکستان پیپلزپارٹی کاجنازہ نکل چکا ہے ن لیگ سے جس طرح عوام مایوس ہوتے جارہے ہیں ،ان کا بھی خاتمہ قریب ہے، آئندہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف بھرپور شرکت کریگی اور کامیابی حاصل کرنے کے بعداپنے مخالفین کو بھی ساتھ لیکرچلے گی ،یہی جمہوریت کاحسن ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ را کے ایجنٹ کی گرفتاری کے بعدپنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کی مجرمانہ خاموشی بہت کچھ سوچنے پرمجبور کررہی ہے کیونکہ ان میں سے کسی حکومت نے بھی تین دن تک اپناکوئی رد عمل ظاہرنہیں کیا اعترافی بیان کے بعد آرمی نے آپریشن کرنے کافیصلہ کیا تو اس وقت حکومت کو بھی ہوش آیا اوراب حکومت کی طرف سے اس معاملہ پربیانات سامنے نظر آرہے ہیں۔شاہ محمود قریشی کہناتھا کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں، اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے اقدامات کررہی ہے، وفاقی حکومت کی طرف سے اب تک کسی امداد کااعلان سامنے نہیں آ یا۔
ایک تبصرہ شائع کریں
ایک تبصرہ شائع کریں